پبلک نیوز: عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو قانونی شرائط پورے نہ ہونے پر آسٹریلیا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ ٹینس اسٹار آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے آسٹریلیا پہنچے تھے۔ نوواک جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ 9 بار آسٹریلین اوپن چیمپیئن شپ جیتنے والے عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے بدھ کے روز میلبرن پہنچے تو ائیرپورٹ حکام نے سربین ٹینس اسٹار کو ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزا کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا۔ ائیرپورٹ حکام نے جوکووچ سے 8 گھنٹے پوچھ گچھ کی جس کے بعد ان کا ویزا منسوخ کر دیا گیا۔ آسٹریلین اوپن میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اورعملے کے لئے ویکسینیشن لازمی ہے یا پھر کسی آزاد پینل کے ذریعے استشثنی حاصل ہو۔ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے ٹینس اسٹار کو ویکسین چھوٹ دینے کی مخالفت کر دی اور کہا ویزا درخواست کی حمایت نہیں کروں گا۔ نوواک اگلے جہاز پر گھر جائے گا۔ کوئی بھی قواعد سے بالاترنہیں۔ نوواک جوکووچ نے روانگی سے قبل ٹویٹ کیا تھا کہ انہیں ویکسین کی چھوٹ دی گئی ہے۔