وزیرِ اعظم سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن کی ملاقات، امریکی ویزے میں حکومتی معاونت پر شکریہ ادا کیا

وزیرِ اعظم سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن کی ملاقات، امریکی ویزے میں حکومتی معاونت پر شکریہ ادا کیا
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن نے ملاقات کی ،جس میں انہوں نے ملاقات کیلئے امریکی ویزے میں حکومتی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے امریکی ویزے میں حکومتی معاونت پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ فوزیہ صدیقی نے وزیر اعظم سے گفتگو میں کہا کہ ویزے کے حصول میں حکومتی معاونت فراہم کرکے آپ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بنیاد رکھی ہے۔جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ ہمیں ڈاکٹر عافیہ کے اہلِ خانہ کے کرب کا بخوبی ادراک ہے اور انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزارت خارجہ ڈاکٹر فوزیہ کو ڈاکٹر عافیہ سے آئندہ ملاقات کیلئے ویزے کے حصول میں مکمل معاونت فراہم کرے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں ہمارا فرض ہے۔ وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے حکومتی کوششوں کو منظم اور مزید تیز کرنے کیلئے ایک اعلی سطحی وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔ خیال رہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ڈاکٹر فوزیہ کی وزیرِ اعظم سے یہ دوسری ملاقات تھی۔ ڈاکٹر فوزیہ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے حکومتی کوششوں پر وزیرِ اعظم اور وزارت خارجہ کیلئے خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔