ویب ڈیسک: معروف بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا شادی کے بعد اسپتال جانے اور اسکے بعد پھیل جانے والی افواہوں سے تنگ آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق سوناکشی گزشتہ ماہ سے اپنی شادی کی خبروں اور گھر والوں کی ناراضگی کی افواہوں کے سبب چرچوں میں تھیں تاہم اب ان کا اپنے حاملہ ہونے سے متعلق خبر پر ردعمل بھی سامنے آ گیا۔اداکارہ سے متعلق افواہیں تھیں کہ اداکارہ شادی کے فوراً بعد اسپتال اس لیے پہنچیں کہ وہ حمل سے ہیں۔
ان افواہوں کے ردعمل میں سوناکشی کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد اب ایک ہی تبدیلی آ گئی ہے کہ اب ہم اسپتال نہیں جا سکتے ہیں کیونکہ جیسے ہی آپ نکلو، لوگوں کو لگتا ہے کہ آپ حاملہ ہو۔
خیال رہے کہ اداکارہ اپنی شادی کے چند ہی روز بعد اپنے والد شتروگھن سنہا کو دیکھنے اسپتال پہنچی تھی جو ناساز طبیعت کے باعث اسپتال میں ایڈمٹ تھے۔
واضح رہے اداکارہ اور ظہیر اقبال 2017 سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات میں ہیں، اداکارہ کا ظہیر سے متعلق کہنا تھا کہ میں خوش ہوں کہ میری زندگی شادی سے قبل ہی خوبصورت بن گئی ہے۔
دوسری جانب سوناکشی سنہا اور ان کی فیملی کے درمیان مسلمان لڑکے کو لے کر بھی اختلافات سامنے آئے تھے، جہاں سوناکشی کی والدہ اور بھائی اس رشتے سے ناخوش تھے تاہم والدہ شادی میں موجود تھیں۔
اس سے قبل اداکارہ اپنی فلم ’ہیرا منڈی‘ کے باعث چرچوں میں تھیں،جس میں سوناکشی کا کردار ’فریدن‘ سب کو بھا گیا تھا۔