بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

bit coin
کیپشن: bit coin
سورس: google

 ویب ڈیسک : کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے امریکی اسپاٹ ایکسچینج ٹریڈ کرپٹو پروڈکٹس میں پیسہ لگانے اور عالمی شرح سود گرنے کے امکان کے باعث مانگ بڑھنے کے بعد بٹ کوائن ریکارڈ اونچی سطح پر پہنچ گیا۔

دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی 69ہزار 202 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جو نومبر 2021 کی 68ہزار 999ڈالر کی بلند ترین سطح سے بھی زیادہ ہے۔

جنوری کے آخر میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی جانب سے 11 سپاٹ بٹ کوائن ای ٹی ایف کی منظوری کے بعد سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔

کرپٹو پلیٹ فارم اینکریج ڈیجیٹل کے سی ای او اور شریک بانی ناتھن میک کاؤلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بِٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ ایک اہم موڑ ہے۔روایتی اداروں کی کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی وجہ سے بٹ کوائن بلندیوں کو چھورہا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2023سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً 160 فیصد اضافہ ہواجبکہ صرف ماہ فروری میں ہی 44فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق 10 سب سے بڑے یو ایس اسپاٹ بٹ کوائن فنڈز میں نیٹ فلو مارچ کے پہلے ہفتے میں 2اعشاریہ 17 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں انویسٹمنٹ کے علاوہ بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کو فیڈرل ریزرو کی جانب سے امریکی شرح سود میں کمی کے امکان سے فروغ حاصل ہوا ہے جس نے سرمایہ کاروں کو مارکیٹ میں پیسہ لگانے کی طرف راغب کیا ہے۔

کرپٹو مارکیٹ میں بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاروں نے اس سال کرپٹو، میگا کیپ ٹیکنالوجی اسٹاکس اور کارپوریٹ بانڈز میں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں کرپٹو مارکیٹ میں مزید تیزی متوقع ہے۔
 

Watch Live Public News