(ویب ڈیسک) رات کا کھانا کھا کرچہل قدمی کرنا انسانی صحت پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟ ضروری ہے جب بھی کھانے سے فارغ ہونگے صحت کو معتدل رکھنے کے لئے چہل قدمی کی جائے، مگر رات کو کھانا کھانے کے بعد سستی کی رفت طاری ہوجاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روزانہ رات کے کھانے کے بعد کچھ منٹ چہل قدمی کرنے کے حیران کن فوائد ہیں،صرف 100 قدم تیز رفتاری سے چلنے سے بھی آپ اپنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔اس آسان عادت کو روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنانے کے فوائد درج ذیل ہیں۔
بلڈ شوگر مستحکم ہوتا ہے
رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی سے بلڈ شوگر کی سطح کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ چہل قدمی سے مسلز گلوکوز کو زیادہ استعمال کرتے ہیں۔یہ عادت ایسے افراد کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے جن میں ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی
کھانے کے بعد جسمانی سرگرمیوں سے کیلوریز کو جلانے میں مدد ملتی ہے جبکہ کچھ دیر بعد بھوک کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔اگر آپ روزانہ رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی کرتے ہیں تو وقت گزرنے کے ساتھ یہ عادت جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے۔
نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے
کھانے کے بعد چہل قدمی سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور آنتوں کے افعال متحرک ہوتے ہیں۔آنتوں کے افعال متحرک ہونے سے غذائی نالی سے خوراک گزرنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے جس سے بدہضمی، پیٹ پھولنے یا دیگر مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
دل کی صحت بہتر ہوتی ہے
چہل قدمی خون کی شریانوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اچھی ورزش ہے اور بلڈ پریشر میں کمی سے دل کی صحت ہوتی ہے۔ کولیسٹرول کی سطح بھی گھٹ جاتی ہے جبکہ خون کی گردش تیز ہوتی ہے، چہل قدمی سے امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم کرنا ممکن ہے۔
تناؤ پر قابو پانا ممکن ہوتا ہے
چہل قدمی سے جسم میں ایسے ہارمونز کا اخراج ہوتا ہے جو مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں۔اس سے تناؤ میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ دیگر ذہنی امراض سے بچنا بھی آسان ہو جاتا ہے۔
نیند بہتر ہوتی ہے
جسمانی سرگرمیوں بالخصوص رات کو چہل قدمی سے اچھی نیند کا حصول آسان ہو جاتا ہے۔ رات کو کھانے کے بعد چہل قدمی سے جسم کو سکون ملتا ہے اور وہ اچھی نیند کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔