ویب ڈیسک: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ) نے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے انتباہ کے بعد بلڈ کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی معروف ادویات کے جعلی بیچز کے خلاف ملک گیر ریپڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ان کی فروخت اور استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈریپ کے مطابق 'ڈرزالیکس' (Darzalex) انجکشن اور 'جاکاوی' (Jakavi) ٹیبلٹس معروف کمپنیوں کے نام سے جعلی تیار کی جا رہی ہیں۔ لیبارٹری تجزیے میں ان ادویات میں کینسر کے علاج کے لیے ضروری فعال جزو موجود نہیں پایا گیا، جبکہ ڈرزالیکس انجکشن کے نمونوں میں غیر متعلقہ ذرات بھی ملے ہیں۔
ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ ان جعلی ادویات کا استعمال مریضوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
الرٹ کے مطابق ڈرزالیکس 400 ملی گرام کا بیچ (STV1K01) اور 100 ملی گرام کا بیچ (MYS7381) جعلی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح جاکاوی 20 ملی گرام (AVT50)، 15 ملی گرام (FNR06) اور 10 ملی گرام (SGL04) کے بیچز بھی جعلی پائے گئے ہیں۔
ڈریپ نے ریگولیٹری حکام اور صوبائی ڈرگ کنٹرول اداروں کو مارکیٹ میں نگرانی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فارمیسی مالکان، ڈسٹری بیوٹرز اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر یہ بیچز کہیں موجود ہوں تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔