اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ نا کام اور عوام سے مسترد شدہ سیاسی بیروزگاروں نے سیاسی آکسیجن حاصل کرنے کیلئے آج ایک اور بیٹھک لگائی۔ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بارہا انہیں سمجھایا کہ سیاست میں اپنی جگہ بنانے کیلئے اجلاسوں کی تاریخیں نہیں، اپنے لچھن بدلیں۔ انہیں یہ بھی سمجھایا کہ عوام کے دلوں تک کا راستہ سازشوں سے نہیں اپنے کرتوتوں سے توبہ کرکے ہموار کیا جاسکتا ہے۔ مگر سیاسی بے روزگاروں کی انجمن کا فیصلہ ہے کہ پاکستان میں کسی اچھے کام کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی امامت میں ان کے احتجاج کا مستقبل پہلی تحریکوں سے ہرگز مختلف نہ ہوگا۔ معیشت کی تباہی کی بنیاد رکھ کر یہ جس غریب عوام پر عرصہ حیات تنگ کرکے گئے وزیراعظم مسلسل ان کے دکھوں کا مداوا کرنے میں مصروف ہیں۔ 120 ارب کے تازہ ترین ریلیف پیکیج کے سامنے آتے ہی اس گروہ کو اپنا مستقبل مستقل تاریکیوں کی نظر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج سے اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر عوام کو دستیاب ہوں گی۔ آج کی بیٹھک کا دوسرا بڑا فیصلہ ہے کہ انتخابات میں شفافیت کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یہ گروہ چاہتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے دروازے کھلے رہیں تاکہ ان کی بقاء کے امکانات زندہ رہیں۔ انہیں انتخابی نظام کی تطہیر اور معیشت کی تعمیر میں رکاوٹ بننے دیں گے نہ اس ایجنڈے سے پیچھے ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں کسی دھونس اور دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔