تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیرفورس کے چاق وچوبند دستے نے بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک فضائیہ کے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تھے۔ جنہوں نے مزارقائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے مزار اقبال پر بھی پاکستان رینجرز پنجاب کے زیر اہتمام پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی جی رینجرز نے علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور شہدا کی قربانیوں پر روشنی بھی ڈالی۔