ویب ڈیسک: بھارت میں مریض کی بیوی سے ایمبولینس ڈرائیور نے زیادتی کر ڈالی، ملزم نے شور مچانے پرمریض شوہر کی آکسیجن بند کرکے اسے قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایمبولینس ڈرائیور نے خاتون سےجنسی زیادتی کی۔ یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا۔ خاتون اپنے بیمار شوہر اور بھائی کو لے کر ایمبولینس میں جارہی تھی کہ ایمبولینس ڈرائیور نے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر زیادتی کی۔
ڈرائیور کے ساتھی نے خاتون کے بھائی کو ڈرائیور کے کیبن میں یرغمال بنا کر مزاحمت سے روکے رکھا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور نے مریض کی آکسیجن بند کردی جس کے نتیجے میں متاثرہ شخص کی موت واقع ہوگئی۔ ڈرائیور نے لوٹ مار بھی کی۔
ایک رپورٹ کے مطابق خاتون نے کہا کہ ان کے شوہر کا علاج لکھنؤ کے ایک نجی اسپتال میں جاری تھا جس کیلئے مزید رقم نہیں تھی۔ خاتون شوہر کو ڈسچارج کرکے گھر لے جارہی تھی جس کیلئے پرائیویٹ ایمبولینس کو ہائر کیا گیا تھا۔ ڈرائیور اور ساتھی نے اگلی سیٹ پر بیٹھنے کا کہا تھا۔
ملزمان کے کہنے پر جب خاتون اگلی نشست پر نہیں بیٹھی تو دونوں نے تنگ کرنا شروع کردیا۔ خاتون نے بہت روکا، تاہم جب دونوں اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو شوہر نے صورتحال کو بھانپ لیا اور جب مریض اور بھائی نے شور مچایا تو ڈرائیور نے آکسیجن بند کرکے گاڑی روک کر شوہر کو باہر پھینک دیا۔
مریض شوہر کی موت واقع ہوگئی جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔