چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات.
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) April 6, 2023
پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مشاورت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو۔ pic.twitter.com/rRgu9Z78qV
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مشاورت اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی کی گئی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوامی سمندر نے ان امپورٹڈ حکمرانوں کو دن میں تارے دکھا دئیے ہیں ، نااہل حکومت جتنا مرضی رو دھو لے الیکشن ہر صورت میں ہو کر ہی رہیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف غیر آئینی قرارداد لانے والوں کے خلاف نااہلی کا ریفرنس داخل کر رہے ہیں ۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی اورعوام عدلیہ کے تحفظ ، آئین کی سربلندی کے لئے سڑکوں پر نکلنے کے لئے تیار رہیں ، انشاء اللہ عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کر رہا ہوں ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی غیر آئینی قراردادیں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں روک سکتیں ہیں ، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد شروع کر کے عقلمندی کا ثبوت دیا ہے ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھلائی اسی میں ہے کہ ہٹ دھرمی اور غیر آئینی روش کو ترک کر دے ، الیکشن کے بعد پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کا سفر ازسر نو سے شروع کریں گے، لندن میں بیٹھ کے نواز شریف ، الطاف حسین کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں ۔ چودھری پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو یہ مشورہ ہے کہ الطاف حسین کے انجام سے عبرت حاصل کریں، رانا ثنا اللہ ، مریم نواز اور وزیر قانون کے احمقانہ مشوروں نے حکومت اور پی ڈی ایم کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے ۔