اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) کراچی سے اسلام آباد آنیوالی نجی ایئر لائن کی پرواز میں پاکستانی نژاد کینیڈین فیملی جیب کترے کا شکار ہو گئی، سارا سفر کینیڈین اور پاکستانی مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کی نظر ہو گیا، جیب کترے نے بھاگنے کا کوئی راستہ نہ پاکر آخر کار پرس ایک طرف پھینک دیا اور آدھی رقم دوسری جگہ پر ۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ایئر لائن کی کراچی سے اسلام آباد آنیوالی پرواز میں اس وقت افسوسناک صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک پاکستانی نژاد کینیڈین فیملی نے شور مچا دیا کہ ان کا پرس چوری کرلیا گیا جس میں ایک معقول رقم موجود تھی۔ اس موقع پر کینیڈین خاندان کی طرف سے شدید احتجاج شروع ہوا اور کچھ نازیبا باتیں کی گئی تو پاکستانی مسافروں سے ان کی تلخ کلامی شروع ہو گئی۔ معاملہ اس قدر طول پکڑ گیا کہ اسلام آباد پہنچنے پر بھی طیارہ کے دروازے نہ کھولے گئے اور ایئر پورٹ سکیورٹی کو بلا لیا گیا۔ اس صورتحال کو دیکھ کر جیب کترے نے پرس ایک جگہ پھینکا اور آدھی رقم دوسری جگہ پھینک دی۔ تمام ممکنہ اقدامات کر لئے گئے لیکن جیب کترا نہ پکڑا جا سکا۔