وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال پر مقدمہ درج کرنیکا حکم

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال پر مقدمہ درج کرنیکا حکم
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ یہ حکم ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ کی جانب سے سنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلو چستان جام کمال خان اور سابقہ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ کے خلاف صوبائی اپوزیشن کے رکن کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں شخصیات پر مقدمہ کے اندراج کا حکم دے دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ افضل کاکڑ کی جانب سے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں آج یہ محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے ایس ایچ او بجلی روڈ کو حکم دیا گیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور سابق ایس ایس پی آپریشنز احمد محی الدین کے خلاف مقدمہ کا اندراج کیا جائے۔ واضح رہے کہ 18 جون کو بلوچستان اسمبلی میں صوبائی بجٹ کے حوالے سے اجلاس ہو رہا تھا جس دوران اپوزیشن نے اسمبلی عمارت کے دروازے بند کر دیئے تھے۔ جس کے بعد پولیس کی بکتر بند گاڑی کی مدد سے دروازے توڑ دیئے گئے۔ اس معاملہ کو بنیاد بنا کر اپوزیشن رکن نے عدالت میں درخواست جمع کرائی۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ درج نہیں ہوا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔