پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کس مائی کے لعل میں جرات ہے کہ عمران خان کو نااہل کرے؟ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 13 اکاؤنٹس میں2 کروڑ روپے ٹرانسفرہوئے ہیں،پارٹی عہدیداروں کوآفس آپریشنز کی مد میں یہ رقم جاری کی گئی تھی، ایف آئی اے کس حیثیت میں پارٹی رہنماؤں کونوٹس جاری کررہی ہے؟ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کس مائی کے لعل میں جرات ہے کہ عمران خان کو نااہل کرے ، کیا آپ پاکستان میں ون پارٹی سسٹم بنانا چاہتے ہیں؟ ہم نے آخری مرحلے کی تیاری کرلی ہے ،13 اگست کو تاریخی جلسہ ہوگا، ہم انہیں انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ نےکہا تھا کہ الیکشن کمیشن سب جماعتوں کی فنڈنگ کافیصلہ کرےگا، الیکشن کمیشن نےصرف پی ٹی آئی کافیصلہ دیا، قانون کے مطابق ہر سیاسی جماعت کا آڈٹ ہونا ہے، ایک پارٹی دوسری پارٹی کو فنڈ نہیں کرسکتی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو کیوں بچارہا ہے؟ لگتا ہے الیکشن کمیشن کو اپنی ساکھ کی پروا نہیں ، الیکشن کمیشن کی پہلے بھی عزت نہیں ہے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ شہیدوں پر سیاست کررہے ہیں ، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ پر کارروائی کی جائے گی ، ماڈل ٹاؤن معاملے پربھی پنجاب حکومت تیزی سے آگے بڑھے گی جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں کارروائی کی ہدایت کرچکے ہیں ، ن لیگ کےرہنماؤں پرمقدمات ہیں، امیدہے وہ پولیس کےسامنے پیش ہوں گےاور رانا ثنااللہ، عطاتارڑ اور ملک احمد خان تفتیش میں تعاون کریں گے۔