ترکیہ،برازیل کی پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے یادگاری تقریب

ترکیہ،برازیل کی پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے یادگاری تقریب

ویب ڈیسک: یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ترکیہ اور برازیل میں پاکستانی سفارتخانے میں یادگاری تقریبات کا انعقاد ہوا ۔ 

پاک ترکیہ کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے چیئرپرسن، ممبر پارلیمنٹ علی ساہین، ممبر پارلیمنٹ برہان کیاترک، ممتاز کشمیری رہنما عبدالرشید ترابی، صدر اسٹریٹجک فارسائٹ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر گورے الپر اور سول سوسائٹی کے نمائندہ گان  نے تقریب میں شرکت کی۔ 

پاک ترکیہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرپرسن ممبر پارلیمنٹ علی ساہین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ"جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے" ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور کرتی رہے گی۔

ترک رکن پارلیمنٹ برہان کیاترک کا کہنا تھا کہ آزادی کے منصفانہ مقصد میں ترک قوم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہے گی، 

ممتاز کشمیری رہنما عبدالرشید ترابی نے اس موقع پر کہا کہ بھارت کشمیر پر قبضے کو طول دینے کے لیے تمام ممکنہ حربے استعمال کر کے 5 اگست کے یکطرفہ، جابرانہ اور غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے۔ 

سفیر ڈاکٹر یوسف جنید  نے کہا کہ آج کا دن ہمیں 5 اگست 2019 کی بھارت کی مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی کارروائی کی یاد دلاتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہو رہے ہیں اور کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو خاموش کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ 

دوسری جانب یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایمبیسی آف پاکستان برازیل میں 5 اگست کو مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، اس تقریب میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ 

تقریب میں 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 اور 35A کو منسوخ اور کشمیری عوام کی خود ارادیت کو چھین کر ان کے حقوق کو ضبط کرنے کو اجاگر کیا گیا۔ 

Watch Live Public News