بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی  سے متعلق مشروط معافی مانگنے کا اعلان 

بانی پی ٹی آئی کا 9 مئی  سے متعلق مشروط معافی مانگنے کا اعلان 

(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان  نے   9 مئی  سے متعلق مشروط معافی مانگنے کا اعلان  کردیا۔

بانی پی ٹی آئی   عمران خان نے  کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو   کرتے ہوئے کہا کہ ظلم ہمارے ساتھ ہوا،ہمارے 10 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا، ہمیں الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا ، ہمارے پارٹی پر پابندی لگائی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ  ہم سانحہ 9 مئی کے متاثرہ ہیں ہم انصاف چاہتے ہیں، ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے ، ہماری 25 مئی کی پٹیشن کو نہیں سنا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ  مجھے رینجرز کی جانب سے اغواء کیا گیا، سپریم کورٹ نے کہا یہ غیر قانونی ہے،  مجھے اور میرے وکلاء کو مارا گیا ہمیں گھسیٹ کر لے کر گئے ،  میرے اغواء پر مجھ سے معافی مانگی جائے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ  سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن آیا تو معافی مانگوں گا،  سانحہ 9 مئی میرا کوئی کارکن ہوا تو اس کو پارٹی سے نکال دوں گا ،  سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہمارا جرم ثابت ہوا تو معافی مانگوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ اور جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کریں،  20 سیٹوں والی جماعت کو دھاندلی زدہ الیکشن سے پھر ہم پر مسلط کر دیا گیا، عوام ایک طرف ہے اور یہ دوسری طرف کھڑے ہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ  صوابی کے جلسے نے ثابت کر دیا کہ عوام کیا چاہتی ہے ،  فوج بات نہیں کرنا چاہتی تو نہ کرے، ہم بھی بات نہیں کریں گے،  ہم فارم 47 والی حکومت سے کسی صورت بات نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  میرا نام، نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ،  بنگلہ دیش کے حالات کے بعد ملک میں کچھ برا ہونے جارہا ہے،  محسن نقوی کی اہلیہ کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے اس کی 500 ملین کی پراپرٹی ملک سے باہر ہے۔

Watch Live Public News