لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان چند روز میں پنجاب، کےپی اسمبلی تحیلن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ لاہور میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگرپی ٹی آئی رہنماؤں کی میڈیاسے گفتگو کی۔اس دوران سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان آئند چند روز میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، پی ٹی آئی قیادت نے عمران خان کو اسمبلیوں کی تحلیل کا اختیار دیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف چاہتی ہے کہ رمضان سے پہلے نئی اسمبلیاں آچکی ہوں، تمام مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں، معیشت تیزی کے ساتھ تنزلی کا شکار ہے، اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل کی سوچ میں خلیج آچکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، اعتماد کا فقدان بڑھتا چلا گیا تو ملک کا نقصان ہوگا، ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیں گے جس سے ملک کا نقصان ہو۔