گوگل سرچ کو ہمیشہ کیلئے بدل دینے والی نئی سروس متعارف

گوگل سرچ کو ہمیشہ کیلئے بدل دینے والی نئی سروس متعارف
گوگل کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے کے لیے اپنا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ بارڈ متعارف کروا دیا گیا ہے ۔ گوگل کی یہ اے آئی سروس آنے والے ہفتوں میں ہی صارفین کو میسر ہوگی جو اس کے سرچ انجن کو ہمیشہ کیلئے ہی بدل کر رکھ دے گی ۔ بارڈ چیٹ بوٹ گوگل کے لینگوئج ماڈل فار ڈائیلاگ ایپلیکیشنز (ایل اے ایم ڈی اے) پر مبنی ہے اور عام افراد کیلئے پیش کرنے سے قبل اس کی آزمائش محدود صارفین پر کی جائے گی ۔ ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کہا کہ 'جلد آپ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس فیچر گوگل سرچ پر دیکھیں گے جو پیچیدہ تفصیلات آسان فارمیٹ پر فراہم کرے گا، تاکہ آپ اسے فوری سمجھ سکیں'۔ کمپنی کی جانب سے بارڈ کے ذریعے پیچیدہ موضوعات کو سادہ بنانے کا نمونہ بھی پیش کیا گیا اور اس اے آئی چیٹ بوٹ نے ایک 9 سالہ بچے کو ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی دریافتوں کے بارے میں سمجھایا۔ واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے حالیہ مہینوں کے دوران ٹیکنالوجی کی دنیا میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی ہے۔ اس کو استعمال کرنے والے افراد آسانی سے مطلوبہ تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں، مضامین لکھوا سکتے ہیں اور بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت میں اضافے کے باعث گوگل نے یہ چیٹ بوٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ گوگل سرچ انجن ہی اس کمپنی کی جان ہے اور چیٹ جی پی ٹی سے اس کو خطرہ لاحق ہوگیا تھا۔ کمپنی کے مطابق ہم اندرونی ٹیسٹنگ میں ملنے والے فیڈ بیک کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ معیار، تحفظ اور حقیقی دنیا کی تفصیلات کے حوالے سے بارڈ لوگوں کی توقعات پر پورا اتر سکے۔ سندر پچائی کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ہم ایسے ٹولز تیار کریں گے جن کے ذریعے دیگر افراد کے لیے اے آئی کی مدد سے ایپس تیار کرنا آسان ہوجائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔