دعا کے شوہر ظہیر کو لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت مل گئی

دعا کے شوہر ظہیر کو لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت مل گئی
لاہور ہائیکورٹ نے دعا زہرا کے شوہر ظہیر احمد کو 14 جولائی تک گرفتار کرنے سے روک دیا . دعا زہرا کے شوہر ظہیر احمد نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ظہیر احمد نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ دعا زہرا سے نکاح کیا ہے، الزام لگایا جارہا ہےکہ دعا کو اغوا کیا ہے اور یہ خدشہ ہےکہ پولیس گرفتار کرلے گی لہٰذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے ظہیر احمد کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ظہیر کے وکیل سے سوال کیا کہ کب کی ایف آئی آر درج ہے؟ اس پروکیل کا کہنا تھا کہ 16 اپریل کو اغوا کی ایف آئی آر درج کر وائی گئی تھی، عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک آپ کیا کررہے ہیں؟اور آپ کوکیسے پتاچلا کہ پولیس درخواست گزارکو گرفتارکرناچاہتی ہے؟ وکیل رائے خرم کی جانب سے جواب دیا گیا کہ تفتیشی افسرکا بیان ہےکہ وہ معاملےکی دوبارہ تفتیش کررہے ہیں، خدشہ ہے کہ پولیس درخواست گزار کو گرفتار کر لے گی لہٰذا عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرلے تاکہ متعلقہ عدالت سے عبوری ضمانت لی جاسکے۔ بعد ازاں عدالت نے ظہیر احمد کی 14 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو درخواست گزار کی ممکنہ گرفتاری سے روک دیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔