گھوٹکی (پبلک نیوز) ڈہرکی کے قریب ٹرین کے افسوسناک حا دثہ میں سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے آپس میں ٹکرانے سے51افراد جاں بحق ٗ کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ٗ 100ے زائد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات۔تفصیلات کے مطابق ڈہرکی کے قریب کراچی سے سرگودھا جانیوالی ملت ایکسپریس اور راولپنڈی سے کراچی جانیوالی سرسید ایکسپریس کو اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے ملت ایکسپریس کی 8بوگیاں ٹریک سے اتر کر ٹریک پر جا گریں ٗ اسی ٹریک پر سرسید ایکسپریس ان بوگیوں سے ٹکرا گئی ٗ جس کی وجہ سے انجن سمیت چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ٗ اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر اس حادثہ کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔درجنوں افراد ابھی تک تباہ ترین ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں ٗ امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ٗ تاحال بھاری مشینری نہیں پہنچ سکی ٗ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دشوار گزار راستوں کی وجہ سے ہیوی مشینری پہنچنے میں تاخیر ہو رہی ہے ٗ جبکہ سندھ رینجرز کے جوان امداد کیلئے پہنچ چکے ہیں۔