ویب ڈیسک: (علی زیدی) برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے انتخابی مہم کیلئے ایک ٹی وی انٹرویو کی خاطر 80 ویں ڈی ڈے تقریبات میں شرکت نہ کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے جمعرات کو فرانس میں منعقدہ تقریب کے پہلے حصے میں شرکت کی۔ لیکن اماہا ساحل پر منعقدہ عالمی تقریب کو چھوڑ دیا۔ جس کو دوسری عالمی لیڈروں نے 1944 میں منعقدہ الائیڈ آپریشن کی یاد میں منایا۔
اس حوالے سے برطانوی وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ وہ ڈی ڈے تقریبات کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہیں۔ اپنے طویل معافی کے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ فرانس میں تقریب کے پہلے حصے میں شرکت کے بعد واپس آجانا ان کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ جس کا وہ اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگتے ہیں۔
لیکن ان کا یہ اقدام ان کے سیاسی کیریئر پر بڑا داغ چھوڑ چکا ہے۔ برطانوی عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اور اسے رشی سونک کی سب سے بڑی سیاسی غلطی بھی گردانا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ ڈی ڈے کی عالمی تقریبات میں یورپ بھر سے 20 سے زیادہ ممالک کے سربراہان اور حکومتی نمائندوں سمیت شاہی خاندانوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم میں فرانس پر جرمنی کے قبضے کے خلاف برطانیہ اور اس کے اتحادیوں نے ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ لیکن انہوں نے نازیوں کیخلاف فرانس میں تاریخی فتح حاصل کی۔ اس فتح کی یاد میں اس دن کو ڈی ڈے کے نام سے منایا جاتا ہے۔ اور عالمی سطح پر سربراہان اس تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیراعظم رشی سوناک میں بھارتی تعصب آڑے آگیا۔ جس کی وجہ سے انہوں نے ڈی ڈے تقریبات میں شرکت نہیں کی۔