ویب ڈیسک:امریکی ریاست پنسلوانیا میں بس اسٹاپ پر کھڑے اسکول کے بچوں پر فائرنگ میں 8 طلبا زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا کی معروف شاہراہ پر پیش آیا جب اسکول سے چھٹی کے بعد طلبا اسٹاپ پر بس کا انتظار کر رہے تھے۔
فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے طلبا کی عمریں 15 سے 17 سال ہے جو بس اسٹاپ کے قریب واقع نارتھ ایسٹ اسکول میں پڑھتے ہیں۔ زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک بچے کی حالت نازک ہے۔
زیادہ تر بچوں کو پیروں پر گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ مسلح شخص جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپا مار کارروائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ تین سال قبل ہی اس علاقے میں ہی ایک بس اسٹاپ پر اسکول کے بچوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔