عام انتخابات 2024 ،پلڈاٹ کی رپورٹ پر پی ٹی آئی کا اہم مطالبہ

 عام انتخابات 2024 ،پلڈاٹ کی رپورٹ پر پی ٹی آئی کا اہم مطالبہ
کیپشن: PTI new demand
سورس: web desk

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کا پلڈاٹ کی عام انتخابات 2024 سے متعلق جائزہ رپورٹ کی روشنی میں انتخابی نتائج کے آزادانہ آڈٹ کا مطالبہ، ترجمان تحریک انصاف نے کہا فافن اور پتن کے بعد پلڈاٹ کی جانب سے بھی عام انتخابات 2024 کی شفافیت اور ساکھ پراٹھائے گئے سوالات الیکشن کمیشن سے مدلل جواب کے متقاضی ہیں۔

تفصیلات کے مطابقترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ عام انتخابات 2024 میں شفافیت کا اسکور گذشتہ 2 انتخابات کے مقابلے میں کم ترین قرار دیا جانا مسترد شدہ کرداروں پر مبنی جعلی حکومت کی حیثیت واضح کرنے کے لئے کافی ہے۔

پلڈاٹ کی حالیہ رپورٹ انتخابات 2024 میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ میں الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار کی توثیق ہے، انتخابی شیڈول میں تاخیر سے لے کر الیکشن کے روز موبائل سروس کی بندش جیسے تمام عوامل نے 2024 کے انتخابات کو گذشتہ ایک دہائی کے کم ترین منصفانہ الیکشن ثابت کیا۔

عوام کے ووٹ پر شب خون کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کا انکشاف کمشنر راولپنڈی کی زبانی پہلے ہی کیا جا چکا ہے، الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقررہ وقت کے بعد شائع کردہ جعلی فارم 45 نے نتائج میں غیرقانونی ردوبدل کو پوری قوم کے سامنے بےنقاب کردیا۔

ریاستی سرپرستی میں عوام کا مینڈیٹ چھین کر ملک ومعیشت کی تباہی کے ذمہ داران کو عوامی منشاء کے خلاف مسلط کرنے کے لئے الیکشن کے نام پر ایک ڈھونگ رچایا گیا،جعلی مینڈیٹ پر اسمبلیوں میں پہنچنے والے غیرت و حمیت سے یکسر محروم عناصر ڈھٹائی سے آئین اور جمہوریت کو پیروں تلے روندتے ہوئے وزارتیں سنبھالنے کی تیاری میں ہیں۔

چوری شدہ مینڈیٹ پر قائم کی جانے والی غیر آئینی حکومت ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے سخت فیصلے کرنے کی اہلیت و صلاحیت نہیں رکھتی، تحریک انصاف امیدوراوں کو ان کی جیتی گئی ننشستوں سے محروم کرنے کے بعد سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی دیگر سیاسی جماعتوں میں بندر بانٹ کا منصوبہ  سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انتخابات کی شفافیت پر اٹھنے والے سوالات اور دھاندلی کے تمام شواہد منظر عام پر آنے کے بعد جعلی فارم 47 پر حلف اٹھانے والے غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوری شدہ نشستیں حقیقی حقداروں کو واپس کریں، پلڈاٹ، فافن اور پتن کی انتخابات سے متعلقہ رپورٹس کی روشنی میں عام انتخابات کے نتائج کا آزادانہ آڈٹ کیا جائے اور عوام کے منتخب نمائندوں کو اقتدار منتقل کیا جائے۔

  ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا چوری شدہ مینڈیٹ اور تحریک انصاف سے چھینی گئی آئینی نشستیں واپس لینے کے لئے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔