ویب ڈیسک :دبئی میں مقیم بھارتی نژاد برطانوی ارب پتی عمر کمانی نے ماڈل ندا اڈیل سے شادی کرلی۔ خواتین کے ملبوسات کے برانڈ ’’ پریٹی لٹل تھنگ‘‘ کے بانی کی شادی کی تقریب چار دن تک جاری رہی اور اس پر 20 ملین ڈالر کے اخراجات آئے ہیں۔
جمعرات سے لیکر اتوار تک شادی کی پر تعیش تقریبات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ دنیا کی مشہور اور اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ ماریہ کیری، اینڈریا بوسیلی اور مشہور ماڈل نومی کیمبل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
مشہور فیشن برانڈ پی ایل ٹی کے سی ای او 36 سالہ نوجوان عمر کمانی نے فرانس کے جنوب میں دو تقریبات میں شادی کی۔ شادی جمعہ کو پرتعیش گرینڈ ایلی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ دلہن مشہور برانڈ ’’ ڈائر‘‘ کے لباس میں جلوہ گر ہوئی۔
اس افسانوی شادی میں مشہور گلوکارہ اینڈریا بوسیلی کو بھی اپنے سب سے بڑے گانوں میں سے ایک پرفارم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران دلہن نے ایک مکمل آرکسٹرا کے ساتھ واک کی۔ برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کی رپورٹ کے مطابق اس رومانوی تقریب میں میوزک آئیکن ماریہ کیری کی ایک خصوصی سرپرائز پرفارمنس بھی شامل تھی۔
جوڑے نے ہفتے کے روز ایک ہندوستانی شادی کے ساتھ ایک بار پھر جشن منایا۔ یہاں مہمانوں نے گلے میں ہاروں سے سجے روایتی سفید کپڑے پہن رکھے تھے۔ عروسی جوڑے بھی بہترین ملبوسات زیب تن کئے ہوا تھا۔ جمعرات کو شروع ہونے والی پارٹی اتوار کو آؤٹ ڈور باربی کیو پارٹی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
تقریب میں مہمانوں کے لیے مہندی پینٹ کرنے والے موجود تھے۔ فائر اور بیلی ڈانسرز نے بھی فن کا مظاہرہ کیا۔ آتش بازی کے شاندار مظاہرہ نے آسمان کو جگمگا دیا۔
ندا نے زہیر مراد کا ڈیزائن کیا ہوا لباس پہنا اور بہت سے خوبصورت زیورات کے ساتھ جلوہ گر ہوئی۔ ارب پتی دولہے نے مونٹی کارلو اوپیرا ہاؤس بھی کرائے پر لیا۔ ان لمحات کو امر کرنے کے لیے بہت سے پیشہ ور فوٹوگرافرز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
عمر کمانی نے نوبیاہتا جوڑے کے سٹیج کو دس ہزار سفید گلابوں اور درجنوں موم بتیوں سے سجا رکھا تھا۔ دلہن کے پنڈال میں داخلے کے دوران 25 موسیقاروں نے گانے ”بیوٹی اینڈ دی بیسٹ“ کے سُر پیش کئے۔
خیال رہے عمر کمانی نے اپنے بھائی ایڈم کے ساتھ مل کر’’ PrettyLittleThing ‘‘ کی بنیاد رکھی تھی ۔ یہ خواتین کے ملبوسات کے برانڈ Boohoo کی زبردست کامیابی کے بعد کم قیمتوں کے حوالے سے معروف برانڈ ہے۔ ان کی کمپنی اب مشہور شخصیات کے ایک گروپ کے ساتھ کام کرتی ہے۔ ان شخصیات میں کھلو کارڈیشین، ہیلی بیبر، پیرس ہلٹن اور دیگر شامل ہیں۔
ڈیلی میل اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس کمپنی کی مالیت اگلے سال تک تقریبا 2.1 بلین پاؤنڈ ہوجائے گی۔ کمپنی کو قائم کرنے سے قبل عمر کمانی ایک شوقیہ باکسر تھا۔ اس سے قبل ایک مرتبہ انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ پہلے وہ صرف پارٹی کرنے اور خواتین کا پیچھا کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے۔
بزنس مین عمر کمانی انتہائی دلکش طرز زندگی گزارتے ہیں۔ ان کی زندگی غیر ملکی دوروں، لگژری کاروں، گھڑیوں اور مہنگے کپڑوں سے بھری ہوئی ہے۔ عمر کمانی باقاعدگی سے اپنی تصاویر کھینچ کر انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔ انسٹا گرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے بھی زیادہ ہے۔