پبلک نیوز: قبضہ مافیا کے خلاف اینٹی کرپشن کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن، قبضہ مافیا کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، اینٹی کرپشن کی سورس رپورٹ پر اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک کی بریڈنگ سکیم کے لیے مختص ہزاروں ایکڑ اراضی سالوں سے قبضہ مافیا کے زیر استعمال تھی۔ مجموعی طور پر 2 ارب 30 کروڑ 91 لاکھ روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ اینٹی کرپشن ملتان کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس نے 1389 ایکڑ رقبہ واگزار کرا لیا۔ لائیو سٹاک بریڈنگ سکیم کے لیے مختص تقریبا دو ہزار ایکڑ سرکاری اراضی پر با اثر قبضہ گروپس سالوں سے مسلط تھے۔ ماندہ سات ہزار ایکڑ اراضی کی واگزاری کے لیے اینٹی کرپشن کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس کی بھاری نفری کا آپریشن جاری ہے۔ قابضین اور محکمہ مال کے افسران کے خلاف تین مقدمات تھانہ اینٹی کرپشن ملتان میں درج کر لیے گئے ہیں۔ چک نمبر 41/10R سے 19 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی 98 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔ چک نمبر 42/10R سے 49 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی 246 ایکڑ اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔ چک نمبر 63/10R سے 16 کروڑ 52 لاکھ روپے مالیت کی 118 ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی۔ چک نمبر 67A/10R سے 90 کروڑ مالیت کی 600 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ چک نمبر 327 A سے 55 کروڑ 59 لاکھ روپے مالیت کی 327 ایکڑ اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔ باقی ماندہ اراضی کی واگزاری کے لیے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اب تک واگزار شدہ ارضی محکمہ مال کے سپرد کردی گئی۔