’میرا کی والدہ انہیں پاگل قرار دلوانا چاہتی ہیں‘

’میرا کی والدہ انہیں پاگل قرار دلوانا چاہتی ہیں‘

ویب ڈیسک: اداکارہ میرا کے مینیجر کا کہنا ہے کہ میرا کی والدہ چاہتی ہیں کہ لوگ سوچیں کہ میرا کو ذہنی صحت سے متعلق مسائل ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ میرا کے نیویارک میں نفسیاتی علاج کے لیے داخل کیے جانے کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔

میڈیا پر مختلف خبریں منظرعام پر آئیں جن میں دعوی کیا گیا کہ اداکارہ میرا کو نیویارک میں نفسیاتی علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ میرا کی والدہ نے اس واقعہ کی تصدیق کی کہ ہے۔ شفقت زہرا نے ایک ویڈیو میں کہا کہ میرا کو نہ صرف نفسیاتی علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا بلکہ اداکارہ کو زبردستی وہاں لے جایا گیا تھا۔

زہرہ نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ انہیں میرا کا فون آیا تھا جس میں وہ رو رہی تھیں، اور بتا رہی تھیں کہ امریکی پولیس نے انہیں زبردستی نفسیاتی علاج کے لیے بھیجا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں، میرا کی والدہ نے کہا کہ میرا نے حکام کو بارہا کہا کہ وہ اداکار ہیں، ذہنی مریضہ نہیں ہیں۔ زہرہ نے انٹرویو میں کہا کہ اس کے بعد میرا سے رابطہ نہیں ہوا ہے، دیگر رشتے دار بھی لاعلم ہیں کہ میرا کو کہاں لے جایا گیا ہے۔ لہذا اب میں حکومت پاکستان سے اس کے بارے میں کچھ کرنے کی اپیل کر رہی ہوں۔  میں نے پہلے ہی وزیر اعظم عمران خان اور شیخ رشید سے اپیل کی ہے۔

دوسری جانب میرا کے منیجر محمد قاسم جو کہ پاکستان میں ہی مقیم ہیں نے اس طرح کے دعووں کو مسترد کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پتہ نہی ایسی ’جعلی خبریں‘ کیوں سامنے آ رہی ہیں۔ قاسم نے بتایا "میرا دماغی اور جسمانی صحت کے لحاظ سے بالکل ٹھیک ہیں اور وہ امریکا میں اپنے گھر پر ہی ہیں، ایسا لگتا ہے کہ میرا کی والدہ ذاتی جھگڑے کو حل کرنے کے لئے افواہیں پھیلا رہی ہیں۔

خاندان کے ایک اور رکن نے کہا کہ میرا دراصل اپنے والد کے ساتھ رابطے میں ہیں، جو اپنے خاندان میں کسی سے بھی زیادہ قابل اعتماد ہیں، یہ افواہیں میرا اور اس کے خاندان کے مابین جاری املاک کے تنازع کی وجہ سے پھیلائی جا رہی ہیں۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ اداکارہ میرا متعدد مواقع پر عوامی طور پر یہ باتیں کرتی رہتی ہیں کہ ان کے قریبی رشتہ دار ہر وقت انہیں لوٹتے رہتے ہیں۔

ایک اور قریبی فیملی ممبر نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اداکارہ حقیقت میں اپنے معمول کے چیک اپ کے لئے امریکا کے ایک کلینک گئیں تھیں اور اپنی والدہ کو اس کے بارے میں بتایا تھا۔ لیکن ان کی والدہ ایک مختلف رخ پیش کر رہی ہیں۔

معروف ہدایتکار اور میرا کے دوست جرار رضوی نے کہا میرا کا خاندان اس کی جائیداد میں شیئر چاہتا ہے، یہ واضح ہے کہ یہ زمینی تنازع ہے اور کچھ لوگ میرا کی بیماری کو ذہنی معذوری کا رخ دے کر جائیداد پر دعوی کرنا چاہتے ہیں۔ رضوی نے کہا میرا کا خاندان ذاتی مفادات کے لئے اس کی ساکھ کو خراب کر رہا ہے۔

اس کے بعد اداکار عمران عباس اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے ذریعے کہا کہ انہوں نے خود میرا کے ساتھ گفتگو کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ میرا نے آج صبح مجھے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور اس کی ذہنی صحت میں کوئی حرج نہیں ہے۔ عمران عباس نے کہا براہ کرم اس کہانی کو سنسنی خیز نہ بنائیں اور میرا کا مذاق نہ اڑائیں۔ کسی کو ذہنی طور پر غیر مستحکم کہنے ایک شخص معاشرے میں اپنی ساکھ کھو دیتا ہے اور اس کے علاوہ یہ حقیقت میں اسے ذہنی خرابی کی طرف دھکیل سکتا ہے اور اسے کسی بھی سخت اقدام پر مجبور کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا اس طرح کی خبریں واقعی میرا کے کیریئر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

عمران عباس نے مزید کہا ہم میں سے کوئی بھی کامل نہیں ہے اور ہم سب میں خامیاں ہیں۔ پرفیکٹ کا لفظ صرف ہمارے خالق کے لئے موزوں ہے۔ میرا کو آپ کی ہمدردیوں یا دعائوں کی ضرورت نہیں ہے۔ براہ کرم اس جعلی تشویش کو ظاہر نہ کریں۔ دعا کرنی ہے تو بیمار معاشرے، نیوز چینلز اور سوشل میڈیا کے لئے دعا کریں، جو مضحکہ خیز لطیفوں اور مزاح کے ذریعے کسی کو بھی خودکشی کی جانب دھکیل سکتے ہیں۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔