ٹرمپ ہار گئے تو حالات کشیدہ ہوں گے، صدر جو بائیڈن کی وارننگ

transfer of power not smooth in case of trump defeat, biden
کیپشن: transfer of power not smooth in case of trump defeat, biden
سورس: google

ویب ڈیسک : امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کی صورت میں انتقالِ اقتدار پرامن طریقے سے ہو گا۔

نشریاتی ادارے 'سی بی ایس' کو ایک انٹرویو کے دوران صدر بائیڈن سے پوچھا گیا تھا کہ اگر ٹرمپ صدارتی الیکشن ہارتے ہیں تو کیا اقتدار پر امن طور پر اگلی حکومت کو منتقل ہو گا؟

جواب میں بائیڈن نے کہا کہ " اگر ٹرمپ کو شکست ہوتی ہے تو میں اس بارے میں بالکل پراعتماد نہیں ہوں۔"

بائیڈن نے اپنے جواب میں کہا کہ ٹرمپ جو بات کرتے ہیں ان کے نزدیک اس کا وہی مطلب ہوتا ہے۔

ان کے بقول، "ہم انہیں سنجیدہ نہیں لیتے۔ وہ جو کہتے ہیں اس کا وہی مطلب ہوتا ہے۔ یہ باتیں کہ اگر ہم ہارجاتے ہیں تو خون خرابا ہو گا۔"

خیال رہے کہ ریاست اوہائیو میں مارچ کے مہینے میں ٹرمپ نے ایک انتخابی ریلی میں دھمکی دی تھی کہ ان کے ہارنے کی صورت میں خون بہے گا۔

اس وقت ٹرمپ امریکی گاڑیوں کی صنعت کو بیرونی مقابلے سے بچانے کی ضرورت پر بات کر رہے تھے۔ بعد ازاں، انہوں نے کہا تھا کہ وہ یہ بات آٹو انڈسٹری کے حوالے سے کر رہے تھے۔

ٹرمپ نے یہ غلط دعویٰ کر رکھا ہے کہ وہ موجودہ صدر بائیڈن کے خلاف سال 2020 کا الیکشن جیت گئے تھے۔

ان پر واشنگٹن اور ریاست جارجیا میں 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج الٹنے کے مجرمانہ الزامات بھی عائد کیے گیے تھے۔

صدر بائیڈن نے حال ہی میں پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کی مہم سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

بائیڈن سے ان کے ڈیموکریٹک پارٹی کے رفقا نے ٹرمپ کے خلاف مباحثے میں خراب کارکردگی کے بعد مہم چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا تھا کیوں کہ اس کارکردگی کے بعد ان کی عمر اور صحت کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے تھے۔

اب نائب صدر کاملا ہیرس نے بائیڈن کی جگہ ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرلی ہے اور وہ نومبر کے الیکشن میں ٹرمپ کے مدِ مقابل ہوں گی۔

Watch Live Public News