پیرس اولمپکس، بابر اعظم کا جیولن تھرو فائنل سے قبل ارشد ندیم کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام

پیرس اولمپکس، بابر اعظم کا جیولن تھرو فائنل سے قبل ارشد ندیم کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام
سورس: Google

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل جیتنے کی واحد امید جیولین تھرور ارشد ندیم کو خصوصی پیغام بھیج دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں بابراعظم نے پاکستانی ایتھلیٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ میں پہنچنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ ارشد ندیم پاکستان کا سر فخر سے بلند کرکے تمغہ گھر لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پیرس اولمپکس میں شریک ارشد ندیم کی کامیابی کیلئے دعا کریں۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں حصہ لینے والے 7 پاکستانی ایتھلیٹس میں سے ارشد ندیم آخری ایتھلیٹ اور میڈل جیتنے کی واحد اُمید رہ گئے ہیں، بقیہ پاکستانی ایتھلیٹس کا پیرس اولمپکس میں سفر تمام ہوچکا ہے۔

ارشد ندیم آج پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کا فائنل راؤنڈ کھیلیں گے جس میں ان کا مقابلہ بھارت کے نیرج چوپڑا اور گیرانڈا کے اے پیٹرز سے ہوگا۔

ایونٹ کا فائنل آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 25 منٹ پہر کھیلا جائے گا۔

مقابلے سے قبل ارشد ندیم نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ نیرج چوپڑا اور میں اپنے اپنے ملک کے عوام کا سر فخر سے بلند کریں گے، وہ ایک اچھے دوست ہیں اور ہم دونوں کی توجہ فائنل راؤنڈ پر ہے۔

یاد رہے کہ 1992 سے اب تک پاکستان نے اولمپکس میں کوئی تمغہ نہیں جیتا۔

ارشد ندیم 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے اور 1962 کے بعد اِس مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

2023 کے عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست دینے میں ناکام رہے اور چاندی کا تمغہ لائے تھے۔

Watch Live Public News