امریکی صدر جوبائیڈن نے چینی حکومت کو دوٹوک الفاظ میں پیغام دیا ہے کہ چین نے امریکی خود مختاری خطرے میں ڈالی تو بھرپور جواب دیں گے ۔ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں صدر بائیڈن نےکہا کہ چینی صدر پر واضح کر دیا کہ ہم مقابلہ چاہتے ہیں تنازع نہیں، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے توانائی اور خوراک کے مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں ، ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز مل کر امریکہ کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ 40 سال میں سب سے زیادہ نوکریوں کے مواقع پیدا کیے، بیروزگاری کی شرح 3.4 ہوگئی ہے جو تاریخ کی کم ترین سطح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیوٹن کی جارحیت امریکا اور دنیا کے لیے امتحان ہے، جب تک جنگ جاری ہے امریکا یوکرین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو نمبرون بنانے کیلئے انفراسٹرکچر مضبوط بنانا ہوگا، استحکام کو یقینی بنانے، جارحیت کو روکنے کیلئے فوج کو جدید کررہے ہیں۔