(ویب ڈیسک)سینیئر اداکارہ جویریہ عباسی نے مبہم پوسٹ کے دو ماہ بعد شادی کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا۔
جویریہ عباسی نے حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت اداکار شہود علوی سے اپنی دوستی سے متعلق بھی کھل کر بات کی، شادی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے نکاح کرلیا اور اب وہ شوہر کے ہمراہ زندگی گزار رہی ہیں،ان کے شوہر کاروباری شخصیت ہیں اور ان کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں، تین ماہ قبل نکاح کیا تھا، شادی کے بعد ان کی زندگی پرسکون گزر رہی ہیں۔
جویریہ عباسی نے بتایا کہ بیٹی عنزیلہ عباسی نے ہی انہیں شادی کا مشورہ دیا تھا، انہیں اپنے سب سے قریبی دوست شہود علوی سمیت اہل خانہ نے بھی شادی کرنے کا مشورہ دیا اور انہوں نے سب کی رضامندی سے نئی زندگی شروع کی۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ شادی سے قبل ہونے والے شوہر سے فون پر بات بھی ہوتی تھی، دونوں ایک تقریب میں ملے تھے، جس کے بعد شوہر نے انہیں شادی کی پیش کش کردی تھی لیکن وہ اس وقت تک شادی کے لیے تیار نہ تھیں۔
جویریہ عباسی نے بتایا کہ شادی سے قبل بشریٰ انصاری سے متعدد بار بات کی تو انہوں نے بھی انہیں جلد شادی کرنے کا مشورہ دیا، شادی کرنے پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن ساتھ ہی انہیں وہیں حمایت بھی ملی اور ان کے مداح ہی ان کے مخالفین سے لڑنے لگے۔
یاد رہے کہ مئی میں جویریہ عباسی نے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور سے انگوٹھی پہننے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی کی شروعات کا عندیہ دیا تھا اور اب انہوں نے شادی کی تصدیق کردی۔
جویریہ عباسی نے پہلی شادی اداکار شمعون عباسی سے نوجوانی میں 1997 میں کی تھی، تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی،دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔
بیٹی کی شادی کے ایک سال بعد اب جویریہ عباسی نے بھی نئی زندگی کی شروعات کردی جب کہ شمعون عباسی پہلے ہی تیسری شادی کر چکے ہیں۔