ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں سکیورٹی گارڈ نے کچرا نہ اٹھانے پر 17 سالہ لڑکے صمد کو گولی مار کر قتل کردیا۔ جس کی سی سی ٹی وی منظرعام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا چننے والے نوجوان کے قتل کے واقعے کی فوٹیج میں سیکیورٹی گارڈ رمضان کو اسلحہ سمیت فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم سیکیورٹی گارڈ رمضان فوٹیج میں فائرنگ کے فورا بعد اسلحہ تھامے بھاگتا ہے۔
واردات کا مقدمہ مقتول صمد کے والد محمد عیوض کی مدعیت میں تھانہ سرسید میں درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نجی سیکیورٹی کمپنی کے تین ذمہ داروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ نجی کمپنی نے غیر تربیت یافتہ گارڈ بھرتی کیے ہوئے تھے۔ فرار گارڈ رمضان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ نارتھ کراچی میں سکیورٹی گارڈ اور لڑکے میں کچرا اٹھانے پر بحث ہوئی جس پر طیش میں آکر گارڈ نے لڑکے کے پیٹ میں گولی ماردی۔ زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ ملزم گارڈ واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈ اور بچے کے درمیان کچرا اٹھانے پر بحث ہوئی تھی، اس دوران نجی سکیورٹی کمپنی کے گارڈ نے گولی چلائی اور فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ تین دن قبل کراچی کے علاقے سخی حسن سرینا موبائل مارکیٹ میں بھی سکیورٹی گارڈ نے ٹک ٹاکر کو ویڈیو بنانے پر گولی مار کر قتل کردیا تھا۔