ویب ڈیسک : بھارتی سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ پاکستانیوں کو 14اگست کی مبارکباد دینے میں کوئی حرج نہیں، نہ ہی 5 اگست کو یومِ سیاہ منانا کوئی جرم ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے ایک اہم فیصلے میں ریمارکس دئیے ہیں کہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے پر تنقید کرنا یا 5اگست کو یومِ سیاہ کہنا جرم کی بات نہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ یومِ سیاہ منانا کسی کی ذاتی رائے پر مبنی ہوسکتا ہے۔ بھارتی آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت عوام کو ااحتجاج کا حق ہے۔ اگر حکومت ہر فیصلے پر تنقید کرنے پر مقدمہ درج کرے تو جمہوریت برقرار نہیں رہ سکتی۔
واضح رہے کہ بھارت کے سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے عہد میں حکومتی فیصلوں پر تنقید کرنے پر غدار کے القابات دئیے جاتے رہے ہیں اور ناقدین کو آئی پی سی کی دفعہ 153 کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے خلاف سپریم کورٹ کو فیصلہ دینا پڑا۔
بھارتی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی بھارتی شہری پاکستانی شہریوں کو 14اگست کی مبارکباد دے تو یہ حرج کی بات نہیں بلکہ جذبۂ خیر سگالی کے اظہار کا طریقہ ہے۔ یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ اس کے پیچھے 2 مذہبی برادریوں کے مابین دشمنی پھیلانا ہوگا۔