سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ، 100 انڈیکس نے 70 ہزار کی حد عبور کرلی

pak stock exchange
کیپشن: pak stock exchange
سورس: google

ویب ڈیسک : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 511 پوائنٹس اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 70 ہزار کی حد عبور کر گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 41 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 511 پوائنٹس یا 0.73 فیصد اضافے کے بعد 70 ہزار 131 پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1203 پوائنٹس اضافے کے بعد 69 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

 ماہرین نے تیزی کے رجحان کو ریکوڈک میں متوقع سعودی سرمایہ کاری کی مثبت خبروں کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے نتیجے میں تیل اور گیس کے حصص کی کارکردگی مضبوط رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں تیزی کی رجحان کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں ممکنہ طور پر دوطرفہ معاہدوں کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ 4 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 660 پوائنٹس اضافے کے بعد 68 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل (3 اپریل) کے ایس ای-100 انڈیکس 869 پوائنٹس بڑھ کر 67 ہزار 756 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

اس سے قبل 28 مارچ 2024 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 594 پوائنٹس اضافے کے بعد 67 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

27 مارچ کو 100 انڈیکس 641 پوائنٹس فیصد اضافے کے بعد 66 ہزار 547 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل 12 دسمبر 2023 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 66 ہزار 426 پوائنٹس کی بُلند سطح پر پہنچا تھا۔