امریکا میں دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے موبائل ایپ متعارف

امریکا میں دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے موبائل ایپ متعارف
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا کے انسداد دہشتگردی کے قومی ادارے نے " اے سی ٹی ایکٹ نالج "نامی ایپ لانچ کی ہے جسے ایپل سٹور اور این سی ٹی سی کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس ایپ سے انسداد دہشتگردی سے متعلق وہ تمام معلومات مل جائیں گی جنھیں خفیہ نہ رکھا گیا ہو۔ آئندہ چند ماہ میں گوگل پلے سٹور پر بھی اس کا ایک ورژن دستیاب ہوگا اور ڈیسک ٹاپ ورژن میں بھی اس کی معلومات دستیاب ہوگی۔ اگرچہ اس ایپ تک عوام کو رسائی میں دیدی گئی ہے، تاہم اس کے تمام فیچرز تک رسائی انسداد دہشتگردی کے پروفیشنلز کے لئے محدود ہے۔ این سی ٹی سی حکام نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ امریکی حکام، وفاقی حکومت اور امریکی افواج کے لئے مختص ہے۔ تاہم جلد ہی ریاست اور مقامی انسداد دہشتگردی کے حکام کو بھی اس ایپ میں رسائی فراہم کردی جائے گی۔ یہ ایپ بنانے والے ایک ماہر نے وائس آف امریکا کو بتایا کہ معلومات کے تبادلے کی کوششوں میں یہ ایک زبردست ارتقا ہے۔ ہم ای میل کے ذریعے ہفتہ وار، باقاعدہ معلومات کے تبادلے کی کوششوں سے آگے بڑھتے ہوئے اب روزانہ بلکہ فی الفور معلومات کے تبادلے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے شراکت داروں کو پش نوٹیفکشن بھیجنے کی ہماری صلاحیت عمومی طور پر انسداد دہشتگردی کے لئے کام کرنے والی ہماری کمیونٹی کی معلومات کے ذرائع کو تبدیل کرکے رکھ دے گی کیونکہ انسداد دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو ہم فوری طور پر تمام لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ دوسرے ایپ کی طرح این سی ٹی سی کا اے سی ٹی نالج ایپ بھی صارفین کو نوٹیفکشن حاصل کرنے،کسی خاص موضوع پر اطلاعات کی تلاش اور اس کی تازہ ترین اطلاع حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔ این سی ٹی سی کا کہنا ہے کہ نئی موبائل ایپ کی نوعیت ایسی ہے کہ اس میں یہ بھی دیکھا جاسکے گا کہ مختلف موضوعات پر اس کے مختلف سرکاری پارٹنرز کوکس قسم کی معلومات کی تلاش ہے، اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ اس کا ڈیٹا یا ٹریننگ بھی دستیاب ہو۔ اگرچہ ایپ پر جو معلومات شیئر کی جارہی ہیں وہ خفیہ نہیں ہیں لیکن حکام سسٹم کو ان ہیکرز اور دیگر سے بچانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جو شاید اس کا غلط استعمال کرسکتے ہوں۔ اس پر رجسٹرڈ ہونے کے لئے سرکاری ای میل استعمال کرنا ہوگی۔ پھر اس کی جانچ کا ایک معیار موجود ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ درخواست دینے والے کو واقعی معلومات درکار ہیں۔ حکام کہتے ہیں کہ ایپس کے بہت سے فیچر امریکا بھر کی پولیس اور محکمہ فائر سمیت ریاستی اور مقامی فرسٹ ریسپانڈر کی مدد سے ڈیزائن کئے گئے ہیں۔

Watch Live Public News