مصنوعی بارش برسانے سے متعلق سیکرٹری ماحولیات کی زیرصدارت اہم اجلاس

مصنوعی بارش برسانے سے متعلق سیکرٹری ماحولیات کی زیرصدارت اہم اجلاس
لاہور: اجلاس میں مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے کے دوران پنجاب کے کسی حصے میں بادل دستیاب نہیں ہوں گے۔ مصنوعی بارش کے حوالے سے سیکرٹری ماحولیات راشد کمال الرحمن کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سپارکو، محکمہ موسمیات، ماحولیات، پائلٹس سمیت دیگر محکموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے کے دوران پنجاب کے کسی حصے میں بادل دستیاب نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ چودھری محمد اسلم نے دس منٹ کی بریفنگ میں بتایا کہ ایک ہفتہ کے دوران پنجاب کے کسی حصے میں بادل دکھائی نہیں دے رہے اور نہ ہی بادل بننے کا کوئی امکان یے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کے لئے بادلوں کا دستیاب ہونا ضروری ہے اور ایسے بادل جن میں بارش برسانے کی سکت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 جنوری تک پنجاب کے کسی علاقے میں بادلوں کے آنے کا کوئی امکان نہیں، کیونکہ پنجاب کے بالائی حصے میں ہوا کا دبائو زیادہ یے جس کے باعث بادل اس طرف کا رخ نہیں کر رہے۔ بادلوں کی آمد کے لئے ہوا کا دبائو کا کم ہونا لازم ہے۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے نمائندے بھی محکمہ موسمیات کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا بادلوں کے بغیر مصنوعی بارش برسانا کسی طور ممکن نہیں جس کے لئے بادلوں کا انتظار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا فضائی آلودگی انڈیکس روزانہ کی بنیادوں پر تبدیل ہو رہا ہے تاہم گزشتہ تین ماہ سے اے کیو آئی مسلسل مضرصحت چلا آ رہا ہے۔ اس دوران ایک مرتبہ مصنوعی بارش برسانے سے چند دن فضائی آلودگی انڈیکس قدرے کم رہا تاہم دوبارہ خطرناک حد کو چھو رہا ہے۔ دنیا بھر کی فضائی آلودگی میں لاہور کا نمبر ایک سے سات کے درمیان رہا اور چین سے فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے لئے درخواست کی جا رہی ہے جبکہ چین کے کئی شہر روزانہ فضائی آلودگی انڈیکس میں سرفہرست ہوتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے مصنوعی بارش برسانے پر عمل درآمد موخر کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ماحولیات نے شرکاء کی تجاویز سمری کی صورت میں وزیراعلی پنجاب کو بھجوا دی ہیں۔ محمد سدھیر چودھری، بیوروچیف لاہور Muhammad Sudhir Chaudhry Bureau Chief Lahore
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔