لاہور: بزرگان دین کے مزارات کی تزئین و آرائش،توسیع اور انتظامی امور میں بہتری کیلئے بڑے فیصلے کیے گئے ہیں ، عطیات، صدقات اور نذرانہ دینے کیلئے آن لا ئن ڈونیشن پورٹل بنے گا، آن لائن ڈونیشن پورٹل کے ذریعے اندرون و بیرون ملک سے نذرانے،صدقات،لنگر کی سہولت فراہم کی جائیگی،آن لائن پیمنٹ کی سہولت بھی ہو گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بزرگان دین اور اولیاء کرام کے مزارات کی تزئین و آرائش،توسیع اور انتظامی امور میں بہتری لانے کیلئے بڑے فیصلے کیے گئے جن کے تحت عطیات، صدقات اور نذرانہ دینے کیلئے آن لا ئن ڈونیشن پورٹل بنے گا۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو آن لائن ڈونیشن پورٹل قائم کرنے کاٹاسک دے دیا گیا ہے۔ آن لائن ڈونیشن پورٹل کے ذریعے اندرون و بیرون ملک سے نذرانے،صدقات،لنگر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔بیرون ملک سے مزاروں پر لنگر، چادر اورپھول چڑھانے کے لئے آن لائن پیمنٹ کی سہولت ہوگی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عقیدت مندوں و زائرین کی آمدورفت میں آسانی کیلئے مزارات کے آنے جانیوالے راستوں کو کشادہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں ہر مزار سے ملحق لائبریری قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور مزارات کے ساتھ سرائے،لنگر خانے، واش رومز اوردیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔بابا بلھے شاہ کے مزار سے ملحق میلہ گراؤنڈ میں زائرین کے لئے انتظار گاہ اور پارکنگ بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملتان میں شاہ شمس تبریز کے مزارکی تزئین و آرائش اور توسیع کا کام فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور چنیوٹ کی شاہی مسجدکی تزئین اوربحالی کا پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزارات کی تاریخی ہیت اوراصل حالت برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔اندرون شہر میں استاد دامن کی (کھولی) کوتاریخی اور ادبی اہمیت کے پیش نظر بحال کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزراء منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری فنانس،تعمیرات و مواصلات، اوقاف، ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، آرکیٹیکٹ نیئر علی دادا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔