تنخواہ کا تنازعہ: سافٹ ویئرانجینئر کے ہاتھوں کمپنی مالک کا قتل

تنخواہ کا تنازعہ: سافٹ ویئرانجینئر کے ہاتھوں کمپنی مالک کا قتل
کیپشن: Pay Dispute: Company Owner Killed by Software Engineer

ویب ڈیسک: کراچی کے علاقے شارعِ فیصل میں سافٹ وئیر انجینئر نے کمپنی کے سی ای او کو قتل کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملازم اور مالک کے مابین تنخواہ کے تنازعہ پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق شارعِ فیصل پر واقع ایک دفتر میں ملازم نے مالک کو قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملازم اور مالک کے مابین تنخواہ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد ملازم نے قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرکے آلۂ قتل برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ معاملے کے متعلق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شارعِ فیصل پر کاوش کراؤن پلازہ کی چوتھی منزل میں پیش آیا۔

سافٹ وئیر انجینئر شعیب اپنی جون کی تنخواہ سی ای او سے طلب کررہا تھا۔ 8 جولائی تک سافٹ وئیر انجینئر کو جون کی ہی تنخواہ ادا نہیں کی گئی تھی، جس پر شعیب طیش میں آیا اور اپنے ساتھ لائی ہوئی چھری سے سی ای او پر وار کردئیے۔

یورو آئی ٹی فرم کے نام سے کمپنی کے سی ای او نوید خان شعیب کے چھریوں کے وار نہ سہ سکے اور موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد سی ای او کی میت جناح ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

مقتول سی ای او کے بھائی نے کہا کہ ہیڈ آفس سے کسی بھی ملازم کی تنخواہ نہیں آئی تھی۔ ملزم آلہ قتل سمیت دفتر میں ہی موجود تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کے متعلق بتایا گیا ہے کہ ملزم کو آفس کے ملازمین نے پولیس سے قبل پکڑ لیا تھا۔

ملازمین نے متعلقہ تھانے کو اطلاع کردی جس کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 

تنخواہ کی عدم ادائیگی پر سافٹ وئیر ہاؤس کے سی ای او کے قتل کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم سافٹ وئیر انجینئر شعیب نے ایک نہیں 3 ماہ کی تنخواہ نہ ملنے پر انتہائی قدم اٹھایا۔ ملزم شعیب کی ماہانہ تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے تھی۔ مجموعی طور پر تین ماہ سے واجبات 4لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دفتر میں تنخواہ کے مطالبے پر تلخ کلامی ہوئی پھر چھری چل گئی۔ ملزم نے آفس کی چھری سے ہی نوید پر پے در پے چار وار کئے۔ قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News