لندن(ویب ڈیسک) پاکستان نژاد صادق خان ایک بار پھر لندن کے مئیر منتخب ہو گئے۔ لیبر پارٹی کے امیدوار صادق خان نے کنزرویٹوز کے امیدوار شان بیلی کو شکست دی۔
برطانوی دارالحکومت لندن کے شہریوں نے ایک بار پھر صادق خان پر اعتماد کا اظہار کیا، 55 فیصد سے زیادہ ووٹرز نے صادق خان کو ووٹ دیا، صادق خان نے 12 لاکھ 6 ہزار 34 ووٹ حاصل کیے۔ شان بیلی کو 9 لاکھ 77 ہزار 601 ووٹ ملے۔ صادق خان اگلے 3 سال لندن کے مئیر رہیں گے۔
اس سے قبل صادق خان 2016 میں مئیر آف لندن منتخب ہوئے تھے، کورونا وبا کے باعث بلدیاتی الیکشن ایک سال کی تاخیر سے ہوئے۔ صادق خان نے تمام ووٹرز کا شکریہ ادا کیا، کہا لندن کے ہر شہری کا میئر ہوں، ایک امیگرنٹ کا بیٹا اور ورکنگ کلاس سے ہوں، وعدہ ہے کہ مختلف قومیتوں کو قریب لاؤں گا۔۔ صادق خان نے کہا کورونا وبا کو سب مل کر شکست دے سکتے ہیں، وبا کے بعد کے لندن کے مستقبل کو روشن بنائیں گے۔