(ویب ڈیسک ) اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں محمد اقبال کا کہنا ہے کہ گوادر میں قتل ہونیوالے 5 مقتولین کا تعلق میاں چنوں سے ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں محمد اقبال نے کہا ہے کہ قتل ہونے والے اسد، اورحسیب سگے بھائی جبکہ ساجد کزن تھا ان کا تعلق گاؤں 134 سولہ ایل سے تھا، عنصر اور شان کا تعلق گاؤں 89 پندرہ ایل سے تھا ،مقرب کا تعلق 11ایٹ بی آر تحصیل خانیوال کے علاقہ مخدوم پور جبکہ مقتول عدنان کا تعلق تحصیل کبیروالہ کے علاقہ چوپر ہٹہ سے ہے۔
دو مقتولین کے والد حبیب الرحمان محکمہ تعلیم کے درجہ چہارم کے ریٹائرڈ ملازم ہے۔ حبیب الرحمان نے بتایا کہ میرا بڑا بھتیجا ساجد گزشتہ دس سال سے گوادر میں حجام کی دوکان پر کام کررہا تھا میرا بڑا بیٹا حسیب پانچ سال سے گوادر گیا تھا اور چھوٹا بیٹا اسد چھ ماہ قبل بھائی کے ساتھ گیا تھا گزشتہ رات میری ان سے بات ہوئی صبح نو بجے اطلاع آئی کہ انہیں شہید کر دیا گیا ہے ۔
ضلعی ترجمان سلیمان خالد کے مطابق ڈپٹی کمشنر خانیوال نے سرکاری طور پر مقتولین کی تدفین کے انتظامات کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ گوادر کے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ میں ہیں ،مقتولین کی ڈیڈ باڈیز پہلے گوادر سے کراچی روانہ کی جارہی ہیں قانونی کاروائی کے بعد جسد خاکی جتنی جلد ہو سکا خانیوال روانہ کر دی جائیں گی۔