ویب ڈیسک: گوادر کے علاقے سربندر میں نامعلوم مسلح افراد نے رہائشی کوارٹر میں گھس کر فائرنگ کی اور 7 افراد کو قتل کردیا۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر محسن علی کے مطابق نامعلوم افراد نے فش ہاربر کے قریب رہائشی کوارٹر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سات افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔
ایس ایچ او کے مطابق واقعہ تقریبا رات تین بجے کے قریب پیش آیا ، تمام جاں بحق و زخمی افراد ایک رہائشی کوارٹر میں رہائش پذیر تھے اور سربندر میں حجام کی دوکان پر کام کرتے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ گوادر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا گیا ہے۔
پولیس نے لاشوں اورزخمیوں کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ:
ڈپٹی کمشنر گوادر نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں۔ میتوں کو چار ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے روانہ کیا گیا۔
زخمی شخص کو بھی طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی بہیمانہ قتل پر شدید الفاظ میں مذمت:
وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں سات افراد کے بیہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے مقتولین کے بلندیء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک دشمنوں کا بزدلانہ فعل ہے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے بہیمانہ واقعہ میں 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سوگوارخاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
بلاول بھٹو کی محنت کشوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت:
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں 7 محنت کشوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بےگناہ مزدوروں کا سفاکانہ قتل کھلی دہشتگردی ہے۔ اس بربریت پر بلوچستان سمیت پورے ملک کے لوگ شدید غصے میں ہیں، انسانیت شرمندہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جرم میں ملوث درندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پاکستانی قوم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
عبدالعلیم خان کا مزدوروں کے قتل پر اظہار افسوس:
صدر استحکام پاکستان پارٹی و وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے گوادر میں مزدوروں کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بےگناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنا انتہائی گھناؤنا اور قابل مذمت فعل ہے۔ دہشتگردی کے عفریت پر قابو پانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افرادکو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ صدر آئی پی پی و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے غمزدہ خاندانوں سے دلی دکھ اور گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی گوادر میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوادر میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خانیوال سے تعلق رکھنے والے7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے دہشتگردوں کو صفحہ ہستی سے مٹادیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی واقعہ کی شدید مذمت:
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر میں بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے۔ پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے کوئی نرم گوشہ نہیں نہ ہی کوئی جگہ ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جس قسم کی فورس استعمال کرنی پڑے گی۔ ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے شہید مزدوروں کے پسماندگان سے اظہار تعزیت و افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پسماندگان کی ہر ممکن معاونت کریں گے۔
صوبائی وزیرداخلہ کی مذمت:
صوبائی وزیرداخلہ میرضیاء لانگو نے گوادر کے علاقے سربندر میں بےگناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ گوادر واقع کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے۔ واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔ واقعہ سربندر میں پیش آیا۔ انتظامی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔ شہید مزدوروں کی فیملیز سے رابطہ کیا جاررہا ہے۔