'ای سی او کے تمام رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی ،انسانی امداد کی فراہمی کیلئے کردار ادار کریں'

'ای سی او کے تمام رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی ،انسانی امداد کی فراہمی کیلئے کردار ادار کریں'
تاشقند: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ای سی اوکے تمام رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی ، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کو قابل مواخذہ بنانے کے لئے کردار اداکریں۔ اقتصادی تعاون کی تنظیم ( ای سی او) کے 16ویں سربراہی اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ غزہ میں بہت بڑا انسانی المیہ پیدا ہوا ہے، اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری کی کارروائیوں کی عالمی سطح پر مذمت کی ضرورت ہے۔ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہاکہ غزہ میں جس طرح خواتین اوربچوں کو قتل اور اسپتالوں کوہدف بنایا جارہاہے اس سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے قبل کی صورتحال یاد آتی ہے جب فرعون نے بچوں کوقتل کرنے کاحکم جاری کیاتھا،بدقسمتی سے وہ لوگ جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پیروی کرنے کے دعویدارہیں وہ فرعون کے نقش قدم پرگامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کی شدید مذمت کرتا ہے، ہمیں فوری طورپر تشدد کے خاتمہ اورانسانی راہداری کھولنے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے تاکہ نہتے اورلاچار فلسطینیوں کوامداد کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ای سی اوکے تمام رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی ، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کو قابل مواخذہ بنانے کے لئے کردار اداکریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔