مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 8 بچے جاں بحق

مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 8 بچے جاں بحق
چلاس: چلاس کے مضافاتی علاقے بونر داس کے مقام پر ایک غریب خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی، ماں اپنی 8 اولاد سمیت ابدی نیند سو گئی۔ تفصیلات کے مطابق چلاس کے مقامی ہوٹل میں بحثیت کک کام کرنے والے فراز نامی غریب شخص کی 11 افراد پر مشتمل خاندان میں 9 افراد کچے مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ صبح کو جاگنے کی امید لیے ماں سمیت 8 بچے گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ چھت گرنے سے سوئے ہوئے 9 افراد ابدی نیند سو گئے ہیں۔واقعے کی صبح اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے لاشوں کو ملبے سے باہر نکالا۔ زندہ بچنے والے سوگواران میں فراز نامی شخص اور اسکا ایک بیٹا شامل ہیں۔ فراز نامی شخص ہوٹل میں ڈیوٹی کی غرض سے چلاس میں موجود تھے جبکہ بچنے والا بیٹا بھی گھر میں موجود نہیں تھا۔جاں بحق افراد میں ایک ماں ، 4 بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔ جاں بحق افراد کو بونر داس کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چلاس کےعلاقے بونر داس میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم متاثرہ خاندان کے غم میں شریک ہیں اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چلاس میں مکان کی چھت گرنے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر مملکت نے حادثے میں ایک ہی خاندان کے جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ صدر مملکت نے لواحقین سے تعزیت اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔