لاہور ( پبلک نیوز)علی ظفر کی طرف سے ہتک عزت کے کیس میں اداکارہ عفت عمر کے قابل ضمانت جبکہ سنگر علی گل پیر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تےہوئے عدالت کی طرف سے فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اداکار و گلوکار علی ظفر کی طرف سے گلوکارہ میشا شفیع کیخلاف دائر کئے گئے ہتک عزت کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی، عدالت کی طرف سے حکم دیا گیا کہ آئندہ سماعت پر میشا شفیع اور ماہم جاوید کو عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ لینا غنی اور فریحہ ایوب کی طرف سے مستقل حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزمان کی طرف سے مستقل حاضری معافی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش وجہ نہیں بتائی گئی ہے اور عدالت کو مطمئن نہیں کیا جا سکا ہے، عدالت نے تمام ملزمان کو ہر صورت چھ اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ۔ ایف آئی اے کے وکیل کی طرف سے ملزمان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کی گئی ، یاد رہے کہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا جس پر علی ظفر نے ان کیخلاف ہتک عزت کا کیس دائر کر رکھا ہے جبکہ میشا شفیع ملک سے باہر ہیں۔