نوازشریف کا روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم

نوازشریف کا روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم
کیپشن: نوازشریف کا روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے شیخوپورہ کے نواحی سفائر بے کا دورہ کیا۔ نواز شریف نے عام لوگوں سے زبردستی زمینیں لینے کی عوامی شکایت پر اظہار ناپسندیدگی کرتے ہوئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔

روڈا پراجیکٹ میں آنے والی کچی آبادیوں کو مناسب مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ اس کے علاوہ راوی ریور سٹی پراجیکٹ کے لئے دنیا کے بہترین پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی۔ روڈا پراجیکٹ میں بہترین تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

اس کے علاوہ تعمیر اتی معیار کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی تجویز پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور محمد نوازشریف نے ریور  ٹریننگ ورکس اینڈ بیراج سائٹ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف نے سفائر بے پر ہونے والی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور محمد نواز شریف نے کوفرڈیم سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نوازشریف کو ریور ٹریننگ ورک ڈویلپمنٹ پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریا راوی کے دونوں اطراف تین فیز میں 46 کلومیٹر چینلائزیشن کی جائے گی۔ روڈا پراجیکٹ میں 36 فیصد ایریا جنگلات اور سرسبز کے لئے مختص ہوگا۔ سائفن تا ہڈیارہ ڈرین 46 کلومیٹر طویل تین رویہ سڑک بنائی جائے گی۔ راوی ریور فرنٹ پراجیکٹ میں تین بیراج بھی بنائے جائیں گے۔ 

سی ای او  ” روڈا“ عمران امین نے پراجیکٹ  کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ 

سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری ہاؤسنگ اسداللہ خان، کمشنر زید بن مقصود، روڈا حکام بھی موجود تھے۔

Watch Live Public News