شیخ رشید نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کردیا

شیخ رشید نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کردیا
راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشیدکا کہنا ہے کہ میں عمران خان کی قیادت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں۔ لال حویلی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے والے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج عمران خان سے بات کی کہ سب اسمبلی سے استعفیٰ دیں، میں عمران خان کی قیادت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں۔ شیخ رشید نے کہاکہ جس شخص پر کل فرد جرم لگنی تھی وہ صبح وزیراعظم بننے جارہا ہے، میں نے امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہبازشریف رکھ دینا۔انہوں نے کہا کہ لندن میں ایون فیلڈ کے سامنے بہت بڑا مظاہرہ ہورہا ہے، اس ماہ ملکی سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج تمام چوراکٹھے ہوگئے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کا نام تک نہیں سننا چاہتے تھے، پنڈی کے لوگ تیار ہو جائیں، جیلیں بھریں اور امپورٹڈ حکومت کو ختم کرو، ملک بچانا ہے تو فیصلے رات کی تاریکی میں نہیں دن کی روشنی میں کریں۔ شیخ رشید نے خطاب میں کہا کہ ایک عمران خان کے خلاف سارے اکٹھے ہو گئے ہیں، ساری اپوزیشن بھی ایک جگہ اکٹھی ہو گئیں، ساری قوم کو عمران خان کے پیچھے اکٹھا کر کے دکھاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی سازش کے تحت عمران خان کو نکالا گیا، اس وقت عمران خان کو چھوڑنا بے غیرتی سمجھتا ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔