عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کارکنان کا شہر شہر احتجاج

عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کارکنان کا شہر شہر احتجاج
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان کی کال پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان ملک بھر میں احتجاج کر رہے ہیں ۔

لاہور: پی ٹی آئی ورکرز کا لاہور لبرٹی مارکیٹ میں احتجاج جاری ہے۔احتجاج میں پی ٹی آئی کارکنان ، نوجوانوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عمران خان کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھا کر عمران خان کے حق اور امپورٹڈ گورنمنٹ کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ لاہور سنیٹر سے جانب سینٹر پوائنٹ ڈائیورشن لگا دی گئی، سینٹر پوائنٹ سے جانب لاہور سینٹر بھی ڈائیورشن لگا دی گئی۔ایس پی صدر اضافی نفری کے ہمراہ موقعہ پر موجود ہیں۔ٹریفک کو ایم ایم عالم روڈ اور سینٹر پوائنٹ سے جانب فردوس مارکیٹ بجھوایا جارہا ہے۔

اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاجی مظاہرا کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کارکنان ایف نائن پارک اور زیرو پوائنٹ پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں،احتجاج میں پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔کارکنان سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے پاکستان اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

شیخوپورہ :

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے جناح پارک چوک میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے، کھلاڑیوں کی پی ڈی ایم کی متوقع حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی جارہی ہے، ضلعی صدر پی ٹی آئی کنور عمران سیعد بھی احتجاج میں کارکنان کیساتھ موجود ہیں۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

گجرات:

عمران خان کی کال پر گجرات شہر سڑکوں پر نکل آیا، احتجاجی جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، احتجاجی جلوس کی قیادت ایم پی اے سلیم سرور جوڑا کر رہے ہیں، مظاہرین نے پاکستان اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا رکھے ہیں۔ احتجاجی ریلی پی ٹی آئی سیکرٹریٹ جی ٹی روڈ سے شروع ہوئی ، شہریوں نے منوں پھول کی پتیوں سے ریلی کا جگہ جگہ استقبال کیا، مظاہرین کی جانب سے تحریک انصاف کے حق اور متحدہ اپوزیشن کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

میانوالی :

وزیراعظم عمران خان سے اظہار یک جہتی کیلئے وتہ خیل چوک میانوالی پر بہت بڑا احتجاج کیا جا رہا ہے، ہزاروں افراد نے روڈز بلاک کر دیئے ہیں ، امجد علی خان، ملک احمد خان بھچر، محمد سبطین خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام رہنما احتجاج میں شامل ہیں، وتہ خیل چوک سے جہاز تک کے تمام روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے 2 گھنٹے سے تاحال بند ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔