لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی کا مستقبل ان کی کامیابی یا ناکامی سے مشروط ہو گا۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں پر ردعمل دیا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ کئی ماہ سے بابر اعظم کو کپتان برقرار رکھنے کے فائدہ اور نقصان پر بحث ہو رہی ہے، سلیکشن کمیٹی کے سابق سربراہ شاہد آفریدی اور ہارون رشید سے بھی مشورہ کیا تھا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ شاہد آفریدی اور ہارون رشید کے مطابق بابر کی کپتانی پر بات ہونی چاہئے، سلیکشن کمیٹی کے دونوں سربراہوں کی رائے تھی کہ بابر کو کپتان برقراررکھنا چاہئے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بابر کی کپتانی کا مستقبل ان کی کامیابی یا ناکامی سے مشروط ہو گا، بابر سے متعلق حتمی فیصلے پر سلیکٹرز، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز اور ہیڈ کوچ رہنمائی کریں گے، توقع ہے کہ وہ مجھے مشورہ دینے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر کو سپورٹ کرنا چاہیے، یہ قومی ٹیم کے مفاد میں ہے کہ کپتانی کا معاملہ متنازع نہیں ہونا چاہیے۔