ویب ڈیسک : سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان وادی تیراہ میں 3 مختلف مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس میں پا ک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے ہیں جبکہ چار خوارج مارے گئے ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی تیراہ میں فائرنگ میں 4 خواج سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے باعث ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اور خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ شہداء میں حوالدار انعام گل، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان شامل ہیں۔
37 سالہ انعام گل کا تعلق میانوالی، 29 سالہ محمد عمران کا تعلق ٹانک اور 22 سالہ محمد الطاف خان کا تعلق مردان سے ہے۔
حوالدار انعام گل شہید نے پاک فوج میں 15 سال 6 ماہ دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
سپاہی محمد عمران شہید نے پاک فوج میں 9 سال دفاع وطن کی خدمات ادا کیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
سپاہی محمد الطاف خان شہید نے 2 سال وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور ایک بہن چھوڑی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے اظہار افسوس کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں،ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
وادی تیراہ ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فائرنگ کے تبادلہ میں 3 سیکیورٹی فورسز جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہید بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے درجات بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
گورنر نے شہید سیکیورٹی فورسز کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خارجی دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز کے شہید ہونے والے 3 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار انعام گُل، سپاہی محمد عمران اور سپاہی الطاف خان کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جرات کے ساتھ مقابلہ کرکے 4 خارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ خارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے دوران شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔شہید اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والے وطن کے بہادر سپوتوں کے خاندانوں کےساتھ کھڑے ہیں۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےوادی تیراہ میں تین فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے عزم کو سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کو پھر سے پنپنے نہیں دیا جائے گا، ان ناسور عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیاجائے گا،پاکستان کی بہادر افواج ہرطرح کے چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،وزیراعلیٰ سندھ نے شہید جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔