ٹرمپ کا ’کملا ہیریس‘ اور ہیلی کاپٹر کا قصہ جھوٹا؟ ویلی براؤن کی تردید

ٹرمپ کا ’کملا ہیریس‘ اور ہیلی کاپٹر کا قصہ جھوٹا؟ ویلی براؤن کی تردید
کیپشن: trump and Willie Brown
سورس: web desk

ویب ڈیسک:امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ایک پریس کانفرنس کے دوران سان فرانسسکو کے سابق میئر ویلی براؤن اور کیلیفورنیا کے سابق گورنر جیری براؤن سے کنفیوژہوتے نظر آئے، ٹرمپ نے اپنے ہیلی کاپٹر میں سفر کے دوران ایک خطرناک واقعہ سنایا اور لوگوں کو الجھا دیا۔

فلوریڈا میں اپنے گھر سے متعدد موضوعات پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایک ہیلی کاپٹر کے بارے میں ایک کہانی سنائی جو حادثے کا شکار ہوتے بال بال بچا اور جس پر وہ اور ویلی براؤن سوار تھے، ویلی براؤن وہ ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں پہلے ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ مختصر وقت گزارا تھا۔

ٹرمپ نے کہا ’ہم نے سوچا کہ یہاں ہماری موت ہو سکتی ہے، ہم ایک ہیلی کاپٹر میں ایک مخصوص مقام پر جا رہے تھے اور ہم نے ہنگامی لینڈنگ کی، یہ اچھی لینڈنگ نہیں تھی، اور ویلی براؤن تھوڑا ڈر گیا تھا، ٹرمپ نے کہا کہ ویلی براؤن نے انہیں کملا ہیرس کے بارے میں ’خوفناک باتیں‘ بتائیں۔

دوسری طرف ویلی براؤن جو طویل عرصہ سیاسی فیصلہ سازی میں ڈیموکریٹک شخصیت رہے ہیں، نے سان فرانسسکو کرانیکل کو بتایا کہ وہ سابق صدر ٹرمپ کے ساتھ کبھی ہیلی کاپٹر میں سوار نہیں ہوئے، انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ انہوں نے ٹرمپ سے کملا ہیریس کے بارے میں کوئی توہین آمیز بات کہی تھی۔

این بی سی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ اپنی صدارت کے دوران ٹرمپ نے ریاست کے گورنر جیری براؤن کے ساتھ ہیلی کاپٹر پر 2018 میں کیلیفورنیا میں آگ لگنے والے مقامات کا دورہ کیا تھا۔

سابق گورنر جیری براؤن کے ایک نمائندے نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ وہاں کوئی ہنگامی لینڈنگ نہیں ہوئی اور پرواز کے دوران کملا ہیرس سے متعلق بات بھی نہیں ہوئی تھی۔

Watch Live Public News