اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے قومی بچت سکیموں کی شرح منافع میں اضافہ کر دیا ہے، اس کا اطلاق آج بروز جمعہ 10 دسمبر سے ہوگا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ، پینشنرز اور بہبود سیونگ کیلئے منافع 12.96 فیصد جبکہ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ پر شرح منافع 10.98 فیصد کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 10.26 فیصد ہوگا۔ اس کے تحت ایک لاکھ روپے پر سالانہ اب 10 ہزار 260 روپے ملیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 7.30 فیصد کے تحت ایک لاکھ روپے پر 7300 روپے دیئے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر اب ایک لاکھ پر ماہانہ 730 روپے کے بجائے 900 روپے حاصل ہونگے۔ ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع 8.76 فیصد سے 10.80 فیصد کردیا گیا ہے۔ سپیشل سیونگ اکاؤنٹس اور سپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرح منافع میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ یہ بات ذہن رہے کہ رواں سال مئی 2021ء میں وفاقی حکومت نے کئی سکیموں کی شرح منافع میں کمی جبکہ جون 2021ء کچھ سکیموں کے شرح منافع میں اضافہ کیا تھا۔