سپیکر قومی اسمبلی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط،ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں دینے کا مطالبہ

سپیکر قومی اسمبلی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط،ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں دینے کا مطالبہ

(ویب ڈیسک ) سپیکر قومی اسمبلی  ایاز صادق نے   چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ  کو خط لکھا ہے جس میں  انہوں نے ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے لئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ  بحیثیتِ سپیکر قومی اسمبلی پارلیمان کے تقدس اور خودمختاری کے اہم مسلئے پر بات کرنا چاہوں گا،  پارلیمانی نظام کی خودمختاری اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئے پارلیمانی اصولوں پر عمل کرنا بے حد ضروری ہے۔

سپیکر کے خط میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق مقدمے کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ  ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا آزاد رکن اب پارٹی تبدیل نہیں کر سکتا، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کا اطلاق 2017 سے کیا گیا ہے، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ پر عمل درامد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ  جمہوریت اور پارلیمانی خود مختاری کے اصولوں پر عمل درامد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکتا۔

Watch Live Public News